نئی دہلی(این این آئی)بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں ایئر فورس کے ایک ونگ کمانڈر کو اپنے ایک دوست کو میڈیکل یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کروانے کے لیے وزیر داخلہ امیت شاہ بن کر گورنر کو فون کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں بھارتی ایئر فورس کے ہیڈ کوارٹر میں تعینات ونگ کمانڈر کلدیپ باگھیلا کو اس کے دانتوں کے ڈاکٹر دوست چندریش کمار شوکلا کے ساتھ گرفتار کیا ہے، جس نے فون پر امیت شاہ کا پرسنل اسسٹنٹ (پی اے) بن کر ونگ کمانڈر کی گورنر سے بات کروائی تھی۔اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اشوک اواستھی نے بتایا کہ ونگ کمانڈر کلدیپ باگھیلا پی اے کا کردار ادا کرنے والے اپنے دوست شْکلا کو مدھیہ پردیش میڈیکل سائنس یونیورسٹی (ایم پی ایم ایس یو) میں وائس چانسلر کے عہدے پر تعینات کروانا چاہتا تھا۔ڈی جی اسپیشل ٹاسک فورس کا کہنا تھا کہ شْکلا نے ونگ کمانڈر سے وائس چانسلر تعیناتی کے لیے اپنی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر کوئی سینئر رہنما گورنر کو فون کرے تو وہ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر بن سکتا ہے۔دونوں نے اپنے پلان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے گورنر کو فون کیا۔ ونگ کمانڈر نے امیت شاہ بننے کی ایکٹنگ کی جبکہ اس کے دندان ساز دوست نے پی اے بن کر ونگ کمانڈر کی بات کروائی۔گورنر ہاوس کے حکام کو شک ہوا تو انہوں نے معاملے کی جانچ پڑتال کی تو دھوکہ دہی کا پتہ چل گیا، جس کے بعد معاملہ اسپیشل ٹاسک فورس کو سونپ دیا گیا، تفتیش کے بعد دونوں کو گرفتار کرلیا۔