واشنگٹن (این این آئی)وائٹ ہاؤس سفری پابندیوں کا ہدف بنائے گئے ممالک کی فہرست میں وسعت پر غور کر رہا ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق امریکا کی جانب سے چند مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کی امریکا میں داخلے پر پابندی عائد ہے، تاہم اس فہرست میں مزید ممالک کو شامل کرنے پر غور ہو رہا ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ اس فہرست میں مزید کتنے ممالک کو شامل کرنے پر غور ہو رہا ہے،
تاہم امریکی میڈیا نے وائٹ ہاؤس کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ممکنہ طور پر اس فہرست میں وینیزویلا اور شمالی کوریا کے شہریوں کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ جنوری سن 2017 میں صدر ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹیو آرڈر کے ذریعے ایران، لیبیا، یمن، شام اور صومالیہ کے شہریوں کی امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔