واشنگٹن(نیوز ڈیسک) ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد امریکہ نے ایران پرلوہے، معدنیات، تعمیرات، مینوفیکچرنگ اورٹیکسٹائل سیکٹر پر بھی پابندیاں عائد کردی ہیں۔امریکی وزیر خزانہ سٹیون منیوچن کا کہنا ہے کہ نئی پابندی کے بعد چین بھی ایران سے تیل نہیں خرید سکتا۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر نئی پابندیوں کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں۔ایرانی کمپنی پر مختلف نوعیت کی 17پابندیاں لگائی گئی ہیں اور پابندیوں کے باوجود ایران سے تجارت کرنے والے افراد کے امریکہ میں اثاثے منجمد کر دیئے جائیں گے۔سٹیون منیوچن کا کہنا تھا کہ عراق میں امریکہ پر حملے کرنے والے ایران کے آٹھ سینئر اہلکاروں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نزدیک ان پابندیوں کے نتیجہ میں ایران پر نیوکلیئر اور میزائل پروگرام کو بڑھانے اورپراکسی نیٹ ورکس چلانے کے لئے درکار رقم کے ذرائع بند ہو جائیں گے۔ امریکہ نے ایران پر پابندیاں لگانے کی آڑ میں چین پر بھی بڑی پابندی عائد کر دی ہے اس طرح امریکہ ایک تیر سے دو شکار کرنے جا رہا ہے۔کیا چین اس بات کو مان لے گا یا نہیں، اس حوالے سے ابھی تک چین کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔