تل ابیب(این این آئی) اسرائیل نے عرب ملک اردن کولیویتھن گیس فیلڈسے گیس کی سپلائی شروع کردی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر توانائی یووال اسٹینز نے کہا کہ دونوں ممالک اور امریکی نوبل انرجی کمپنی کے درمیان 2016 سے طے پانے والے معاہدے کے مطابق گیس لیویتھن فیلڈ سے اردن کوگیس کی سپلائی شروع کردی گئی ہے جب کہ مصر کو ایک ہفتے یا 10 دن کے اندر گیس کی سپلائی شروع کردی جائے گی۔اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنی تاریخ میں پہلی بار توانائی
برآمد کرنے والا ملک بن گیا ۔ ہمارے لیے یہ اہم ہے کہ تل ابیب اردن جیسے بڑے ملک کو گیس فراہم کررہا ہے۔ آنے والے دنوں میں مصرکو بھی اس گیس فیلڈ سے گیس کی سپلائی شروع کی جائے گی۔ادھراسرائیل سے گیس کی خریداری پر اردن میں عوامی سطح پرسخت رد عمل سامنے آیا ، اردن کے دارالحکومت عمان میں ہزاروں افراد نے ریلی نکالی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل سے گیس کی خریداری نہ صرف روکے بلکہ صہیونی ریاست کے ساتھ طے پائے تمام معاہدوں کو ختم کیا جائے۔