واشنگٹن(این این آئی)امریکا کی ری پبلیکن پارٹی کے سینیٹر لنڈسے گراہم نے امریکی فوج کے فضائی حملے میں ایرانی قدس بریگیڈ کے سربراہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت کو ایرانی رجیم پر کاری ضرب قرار دیا ہے اورکہاہے کہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت ایران کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے، اگر ایران باز نہ آیا تو اسے مزید سبق سکھائیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں لنڈ سے گراہم کا کہنا تھا کہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران
کو پتا چلا کہ امریکیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے اور ان کا خون بہانے کی کیا قیمت چکانا پڑتی ہے۔امریکیوں پرحملے بہت مہنگے پڑتے ہیں۔ سلیمانی آیت اللہ کی حکومت کے انتہائی بے رحم اور شیطانی عناصر میں سے ایک تھا۔اس کے ہاتھ پرامریکیوں کے خون سے رنگین تھے۔گراہم نے ٹویٹر ٹویٹ میں مزید کہا کہ امریکیوں کو زخمی کرنے اور ہلاک کرنے کی قیمت بہت مہنگی ہے۔ انہوں نے ایرانی ملیشیاؤں کے خلاف صدر ٹرمپ کی جارحانہ پالیسی کو سراہا۔