احمد آباد(این این آئی)متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بھارت میں جاری مخالفت کے درمیان ریاست گجرات کے وزیر اعلیٰ وجئے روپانی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے پاس تو رہنے کے لیے دنیا کے 150ممالک ہیں لیکن ہندوؤں کے پاس تو صرف ایک ہی ملک بھارت ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے وزیر اعٰلی وجئے روپانی نے متنازعہ قانون کو درست ٹھہراتے ہوئے کہا کہ مسلمان اگر
بھارت سے جانا چاہتے ہیں تو وہ دنیا کے اسلامی ملکوں میں سے کسی کا بھی انتخاب کر سکتے ہیں لیکن ہندوؤں کے لیے تو بھارت ہی واحد ملک ہے۔ اس لیے پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کے ہندوؤں کو اگر بھارت میں شہریت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تو اس میں غلط کیا ہے؟ ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما وجئے روپانی نے اپنی ریاست میں شہریت ترمیمی قانون کو نافذ کرنے کا بھی اعلان کیا۔