جموں(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں ایک غبارے کے ساتھ بندھے دھمکی آمیز خط نے بھارتی پولیس کو حواس باختہ کردیا اور بھارتی پولیس نے خط برآمد کرکے تحقیقات شروع کردی ہے جو مبینہ طورپرجموں کے علاقے چھنی ہمت میں ایک مکان پر گر ا تھا۔ایس ایس پی جموں تیجندر سنگھ اور ایس ایس پی سٹی سائوتھ ونے شرما اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیموں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔ ونے شرما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس
ہر زاویے کو مدنظر رکھ کرکام کررہی ہے اور دھمکی آمیر خط کو غیر سنجیدہ نہیں لے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے اورہم نے ہرقسم کی احتیاطی تدابیر کررکھی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق غبارہ پاکستان کی طرف سے چھنی ہمت نہیں پہنچ سکتا اور لگتا ہے اس کو مقامی طورپر چھوڑا گیا ہے۔ ذرائع نے کہاکہ عام طورپر دھمکی آمیزخط اردو میں لکھے ہوتے ہیں تاہم یہ خط انگریزی میں لکھا ہواتھا اور صرف دو سطریں اردو میں لکھی تھیں۔