واشنگٹن(این این آئی)وائٹ ہاؤس نے تھینکس گیوِنگ پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ افغانستان غیر عمومی طور پر خفیہ رکھا۔ اس کی وجہ لیکس کا خوف اور حالیہ کچھ عرصے میں سکیورٹی کی خامیوں جیسے متعدد امور تھے۔ مگر یہ دورہ کس طرح چھپایا گیا؟میڈیارپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ سے وابستہ ایک عہدیدار نےبتایا کہ جب ٹرمپ افغانستان کے لیے محوِ پرواز تھے، تو اس دوران بھی پہلے سے تیار کردہ ٹوئٹس کیے جاتے رہے
تاکہ کسی کو اس دورے کا علم نہ ہو سکے۔ دورے کو چھپانے کے لیے اس پر کئی طرح کی تہیں بچھا دی گئی تھیں۔وائٹ ہاؤس کے مطابق افغانستان ایک خطرناک جگہ ہے، جب کہ صدر ٹرمپ امریکی فوجیوں کا حوصلہ بڑھانے ان سے ملنا چاہتے تھے۔ اس لیے اس دورے کو خفیہ رکھا گیا۔ روانگی کے وقت بھی چند چیدہ صحافیوں کو جوائنٹ بیس اینڈریو کی پارکنگ لاٹ تک لایا گیا تھا اور انہیں بتایا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ ایک نامعلوم مقام کی جانب جا رہے ہیں۔