بغداد(آن لائن) عراق میں جاری مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، چوبیس گھنٹوں میں 40 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔عراق ایک بار پھر پرتشدد احتجاج کی زد میں ہے، ناصریہ شہر میں سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کر دی جس سے کئی افراد جاں بحق ہو گئے، عراقی وزیراعظم نے آرمی کمانڈر کو بھی
برطرف کر دیا۔عراقی عوام گذشتہ کئی روز سے حکومتی بدعنوانی، بے روز گاری اور مہنگائی کے خلاف سراپا احتجاج ہے، مظاہروں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ ان مظاہروں میں اب تک تقریباً 344 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔حکومت کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ احتجاج کی آڑ میں شرپسندوں کی جانب سے قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے ہتھکنڈوں میں شمولیت سے گریز کریں۔