بماکو(این این آئی) مالی میں شدت پسندوں سے نبردآزما فرانسیسی فوج کے دو ہیلی کاپٹر ٹکرانے سے کم از کم 13 فوجی ہلاک ہو گئے۔یہ 2013 سے مغربی افریقہ میں جاری فوجی آپریشن میں فرانسیسی فوجیوں کی ہلاکت کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ایک مرتبہ پھر شدت پسندی کے خلاف جنگ کے اس پریشان کن پہلو کی جانب دنیا بھر کی توجہ مرکوز ہو گئی جہاں صرف رواں ماہ کے دوران شدت پسندوں کی جانب سے مقامی فوج اور کینیڈا کی مائننگ کمپنی کے ملازمین کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں کم از کم 37 افراد ہلاک ہوئے۔فرانسیسی فوج کا کہنا تھا
کہ حادثے کے وقت دونوں ہیلی کاپٹر بہت نیچے پرواز کر رہے تھے اور لپٹاکو کے علاقے میں ٹکرا کر تباہ ہو گئے جس کے نتیجے میں دونوں ہیلی کاپٹر میں سوار کوئی بھی فوجی زندہ نہ بچ سکا۔اس واقعے کے باوجود فرانس نے اپنی فوج کو مالی میں رکھنے کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے عزم و حوصلے قائم ہیں۔فرانس کی وزیر دفاع فلورینس پارلے نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرانس پیٹ نہیں دکھائے گا، ہمیں اپنے یورپی اتحادیوں سے مکمل مدد مل رہی ہے اور ہم یورپ کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے اس اتحاد کا حصہ بنے ہیں۔