دمشق (این این آئی)شام میں کرد فورسز کے خلاف ترکی کے آپریشن روکنے کے لیے امریکا اور ترکی کے درمیان طے پائے معاہدے کو شامی حکومت نے مسترد کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق شامی حکومت کی مشیر برائے سیاسی و ابلاغی امور بثنیہ شعبان نے جمعرات کے روز کہا کہ امریکا اور ترکی کا اعلان کردہ معاہدہ مبہم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن اور انقرہ کے مابین جو معاہدہ ہوا ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے
کہ روس اور شام اس پر متفق ہوجائیں گے۔ اگر ترکی مدد نہ کرتا تو ہزاروں دہشت گرد شام میں داخل نہ ہوسکتے۔شعبان نے مزید کہا کہ شام میں سیف زون کی اصطلاح درست نہیں ہے کیونکہ یہ ایک مقبوضہ علاقہ ہوگا۔ انہوں نے توجہ دلائی کی پوری دنیا شام میں ترکی کی جارحیت کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔بثنیہ شعبان نے زور دے کر کہا کہ شامی حکومت اپنے ملک میں عراقی کردستان کا ماڈل قبول نہیں کرے گی۔