نیویارک(این این آئی)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے ایک مرتبہ پھر بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کا محاصرے فوری طور پر ختم اور گرفتار افراد کو رہا کرے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے
موقع پر کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال گیا اور وادی کی ابتر صورتحال اور وہاں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ فوری طور پر اٹھانے ،تمام گرفتار شہریوں کو رہا کرنے اور کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے خلاف پر امن احتجاج کرنے والوں کے خلاف طاقت کا استعمال بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اعلامیہ میںکہا گیا کہ کشمیریوں کی شناخت اور جموںوکشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے پر او آئی سی کو شدید تشویش لاحق ہے۔ اعلامیہ میں بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ آئی سی اور اقوام متحدہ کی ٹیموں کو مقبوضہ علاقے میں جانے کی اجازت دے تاکہ وہ وہاں انسانی حقوق کی صورتحا ل کا جائزہ لے سکیں۔ اعلامیے میںکہا گیا کہ جموںوکشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بنیادی تنازعہ ہے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و سلامتی کے لیے اس تنازعہ کا حل ناگریز ہے۔