نیویارک (این این آئی)فرانس کے وزیر خارجہ جان ایف لودریاں نے کہاہے کہ سعودی عرب میں ارامکو کمپنی کے زیر انتظام تیل کی دو تنصیبات پر حملہ خطے میں ٹرننگ پوائنٹ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لودریاں کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ان کی شرکت کا مرکزی ہدف امریکا اور ایران کے بیچ
کشیدگی کی شدت کم کرنا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اولین ترجیح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ایرانی ہم منصب حسن روحانی کے درمیان ملاقات نہیں بلکہ اصل ترجیح مختلف سرگرم فریقوں کے ساتھ جارحیت کم کرنے کا معاملہ زیر بحث لانا ہے۔لودریاں کے مطابق ارامکو تنصیبات پر حملوں کے پیچھے موجود حقیقت کا جاننا ضروری ہے تا کہ ایک اجتماعی جواب دیا جا سکے۔