تل ابیب (این این آئی)انتخابات میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے حریف بینی گینٹز نے اعلان کیا ہیے کہ وہ حالیہ انتخابات کے نتیجے میں تشکیل پانے والی قومی یک جہتی کی حکومت کے سربراہ بننا چاہتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنی جماعت بلیو وائٹ پارٹی کے ارکان کے ساتھ اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گینٹز نے کہا کہ اسرائیلی عوام یک جہتی کی حکومت چاہتے ہیں ،میں اس حکومت کی تشکیل اس طرح
چاہتا ہوں کہ اس کی سربراہی (وزارت عظمی) میرے پاس ہو۔اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ گینٹز کے مطابق ان کے انتخابی اتحاد کے پاس نشستوں کی اکثریت ہے لہذا آئندہ حکومت کی سربراہی ان کے پاس ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک بلیو وائٹ پارٹی 33 نشستیں حاصل کر چکی ہے جب کہ نیتن یاہو اپنی امید کے مطابق حکومتی اتحاد تشکیل دینے کے لیے مطلوب اکثریت حاصل نہیں کر سکے۔گینٹز نے واضح کیا کہ ہم سب کی بات سنیں گے مگر کسی کی طرف سے ڈکٹیشن ہر گز قبول نہیں کریں گے۔