واشنگٹن(این این آئی) وزیر اعظم عمران خان 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے نیو یارک پہنچنے کے چند گھنٹوں بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرسکتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سفارتی ذرائع نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران وزیر اعظم کی امریکی صدر سے ممکنہ 2 ملاقاتوں میں سے یہ پہلی ملاقات ہوسکتی ہے اور یہ جنوبی ایشیائی رہنما سے ڈونلڈ ٹرمپ کی 24 گھنٹوں کے دوران دوسری ملاقات بھی ہوسکتی ہے۔عمران خان کی طرح کئی عالمی رہنما بھی پیر کے روز نیو یارک پہنچیں
گے جہاں اعلیٰ سطح کی بحث کا آغاز ہوگا جو 29 ستمبر تک جاری رہے گا۔دونوں پاکستانی و بھارتی وزرا اعظم کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 27 ستمبر کو خطاب طے ہے جہاں نریندر مودی جمعے کی صبح کو خطاب کریں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کو دوپہر میں خطاب کا موقع دیا جائے گا۔وزیر اعظم عمران خان نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ وہ اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو نمایاں کریں گے جس میں بھارت کے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت واپس لینے کے 5 اگست کے فیصلے پر بات کریں گے۔