کیلیفورنیا (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو روکنے کیلئے امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین نے کہا ہے کہ امریکی امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جلد سماعت کریگی۔کمیٹی کے چیئرمین رکن کانگریس بریڈ شرمین نے پاکستانی امریکی ڈاکٹر آصف محمود کی کیلی فورنیا میں رہائش گاہ پر ایک تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے ایک انٹرویومیں بتایا کہ کمیٹی کی کشمیر پر سماعت اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے بعد ہوگی تاہم سماعت میں اعلیٰ حکام کی شرکت سے متعلق محکمہ خارجہ کیجواب کا انتظار ہے۔رکن کانگریس بریڈ شرمین نے کہا کہ سماعت کشمیر میں انسانی حقوق پر دنیا کی توجہ مبذول کرانے کی کوششوں کا حصہ ہے لیکن سماعت کے وقت تک حالات بہتر نہ ہوئے تو صورتحال بدترین ہوسکتی ہے۔انٹرویو دیتے ہوئے بریڈ شرمین نے بتایا کہ انہوں نے کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کی جنہوں نے اپنے عزیزوں کو درپیش مسائل سیآگاہ کیا ہے، بھارتی اقدامات کے سبب کشمیری اپنے عزیزوں سے رابطہ، مریضوں کاعلاج نہیں کر سکتے جبکہ وہاں تو اپوزیشن تک کو پابندیوں کا سامنا ہے۔گفتگو جاری رکھتے ہوئے بریڈ شرمین نے کہا کہ بھارت کو شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں کیونکہ امریکا دنیا بھر میں انسانی حقوق کے مسائل پر توجہ مرکوز رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جو ہو رہا ہے اس پر توجہ دینا ضروری ہے اور ہماری توجہ کشمیر میں درپیش فوری مسائل اور انسانی حقوق پر مبذول ہے امید ہے بھارت خوراک، ادوات کی فراہمی اور مواصلاتی ذرائع بحال کریگا۔بریڈ شرمین نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تمام امریکیوں کوتشویش ہونی چاہیے۔