واشنگٹن(این این آئی)امریکا نے کہا ہے کہ وہ ترکی کو ایف 35 طرز کے جدید لڑاکا طیارے کبھی فروخت نہیں کرے گا اور نہ ہی ترکی کو ان طیاروں کو دینے سے متعلق پروگرام میں شرکت کا کوئی اختیار حاصل ہو گا۔اس فیصلے کی وجہ ترکی کا ایس 400 طرز کے روسی ساختہ میزائل شکن سسٹم کی خریداری ہے کیونکہ اس سسٹم کو جدید امریکی لڑاکا جہاز اہم فنی راز چرانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان سٹیفنی گریشم نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ روسی ساختہ ایس 400 ائر ڈیفنس سسٹم خریدنے کے بعد ترکی کا ایف 35 طرز کے لڑاکا پروگرام میں شرکت ناممکن ہو گئی ہے۔تاہم ترجمان کے بقول امریکا
ترکی سے دیگر معاملات میں تعاون جاری رکھے گا، تاہم اس تعاون کا دائرہ ان حدود وقیود میں ہو گا جو ایس400 طرز کے روسی دفاعی سسٹم کی موجودگی سے ہم آہنگ ہو۔ادھر امریکی محکمہ دفاع نے اعلان کیا کہ ترکی کو ایف 35 لڑاکا طیاروں کے پروگرام سے نکالنے کی کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے۔ پینٹاگان کے مطابق نیٹو کی رکنیت سے متعلق امور کا فیصلہ خود نیٹو کرے گا۔امریکا نے ایف 35 طرز کے لڑاکا جہازوں پر تربیت حاصل کرنے والے دو ترک ہوابازوں سے کہا ہے کہ وہ 31 جولائی ملک سے چلے جائیں کیونکہ واشنگٹن نے نیٹو کے رکن ملک ترکی کو اس پروگرام سے باہر نکالنے کے منصوبے کا آغاز کرنا ہے۔