پیانگ یانگ(این این آئی)شمالی کوریا کی سرکاری خبرایجنسی نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اْن کو عمدہ خط ارسال کیا ہے۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر ایجنسی نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ کم جونگ اْن کا کہنا تھا کہ وہ خط کے مواد پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ کم جونگ اْن نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خط کا مواد عمدہ ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے سیاسی فیصلے اور غیر معمولی جرات کو سراہتے ہوئے کم جونگ اْن نے کہا کہ وہ دلچسپ مواد پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔خبر ایجنسی کی جانب سے کم جونگ اْن کو بھیجے گئے خط کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔جنوبی کوریا کے صدارتی آفس نے کہا کہ وہ کم جونگ اْن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان خطوط کے تبادلے کو مذاکرات جاری رکھنے میں ایک مثبت عمل کے طور پر دیکھتے ہیں۔وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر کی جانب سے شمالی کوریا کے سربراہ کو خط بھیجنے کی تصدیق کی ہے۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے ایک ای میل میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خط بھیجا گیا تھا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان خط و کتابت جاری ہے۔چند روز قبل ایک امریکی عہدیدار نے کہا نئی بات چیت کے لیے کوئی شرائط نہیں لیکن شمالی کوریا کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام سے دستبردار ہونے کے لیے بامعنی اور قابل قبول اقدامات کی ضرورت ہے۔