قاہرہ(این این آئی)مصر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق لیبیا کی قومی فوج نے خطرناک دہشت گرد ھشام عشماوی کومصر کے حوالے کر دیا ہے۔عشماوی مصر کی سپیشل فورسز کا بھگوڑا افسر ہے۔ وہ گذشتہ برس لیبیا کے شہر درنہ میں دیکھا گیا تھا۔
مصری حکومت ایک مدت سے اس کے تعاقب میں تھی۔ھشام عشماوی مصر میں قبطی عیسائیوں، سیناء کے علاقے میں پولیس اور فوجیوں کے خلاف ہلاکت خیز حملوں اور متعدد دہشت گردی کارروائیوں میں مطلوب تھا۔اس سلسلے میں مصر کے محکمہ سراغرسانی کے سربراہ میجر جنرل عباس کامل منگل کی شام لیبیا گئے جہاں انھوں نے لیبیا کے قومی فوج کے کمان دار فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر سے ملاقات کی۔عرب ٹی وی کے مطابق اس موقع پر بدنام زمانہ دہشت گرد ھشام عشماوی کو مصری محکمہ انٹلیجنس کے سربراہ کے حوالے کیا گیا، جہاں سے وہ اسے راتوں رات لے کر مصر واپس لوٹ آئے۔عباس کامل اور ھشام عشماوی کو جس طیارے میں مصر لایا گیا اسے لڑاکا طیارے نے اپنے حفاظتی حصار میں لے رکھا تھا۔ اس طیارے میں مصر کے سپیشل سروسز گروپ کے اہلکار سوار تھے۔دہشت گرد عشماوی کو ایک ویڈیو کلپ میں لڑاکا طیارے سے باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی تھی جبکہ مصری سپیشل سروسز گروپ کے اہلکاروں نے انہیں حصار میں لے رکھا تھا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لیبی فوج نے عشماوی کے ہمراہ متعدد دوسرے اہم مطلوب دہشت گردوں کو بھی مصر کے حوالے کیا ہے۔فیلڈ مارشل حفتر نے مصری انٹلیجنس کے سربراہ عباس کامل سے ملاقات میں کہا کہ مصر اور لیبیا کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں۔ مصری انٹلیجنس عہدیدار نے انہیں تازہ ترین صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔