دبئی(این این آئی) متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ مشرقی ساحل پر اس کے چار کمرشل جہازوں کو تخریب کاری کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ رپورٹ ایرانی اور لیبیا کے میڈیا میں اماراتی بندرگاہوں پر دھماکے کی غلط خبروں کے چند گھنٹوں بعد سامنے آئی۔اس حوالے سے اماراتی عہدیدار نے تخریب کاری کی نوعیت اور اس میں مبینہ طور پر کون ذمہ دار ہوسکتا ہے، کے حوالے سے کچھ بھی بتانے سے انکار کیا۔تاہم اس واقعے کی رپورٹس
امریکا کی جانب سے اس بیان کے چند گھنٹوں بعد سامنے آئی تھیں، جس میں اس نے جہازوں کو خبردار کیا تھا کہ ایران اور اس کے اتحادی خطے میں سمندری ٹریفک کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔دوسری جانب اماراتی وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وہ مقامی اور بین الاقومی تعاون سے اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ جہازوں پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی ان میں سے کسی قسم کا خطرناک مواد یا ایندھن خارج ہوا۔