خرطوم(این این آئی)سوڈان میں متعین سعودی عرب کے سفیر علی بن حسن جعفر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کے ملک کی طرف سے اعلان کردہ امداد اگلے چند ایام میں خرطوم کو مل جائے گی۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق علی بن حسن جعفر نے کہا کہ شاہ سلمان
بن عبدالعزیز کی ہدایت پر سوڈان کے عوام کو انسانی بنیادوں پر فوری امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سوڈان کی عسکری کونسل کے سربراہ اور ان کے نائب سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں وفد نے سوڈانی عوام کی بھرپور مدد کرنے اور سوڈان کی عبوری کونسل کے اٹھائے اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور امارات کے وفد نے موجودہ حالات میں سوڈانی حکومت اور عوام کی مدد کی یقین دہانی کرائی اور سوڈان اور خلیجی ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے سے اتفاق کیا۔خیال رہے کہ بدھ کو سوڈان کی عبوری کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرھان عبدالرحمان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وفد سے ملاقات میں ان ملکوں کے ساتھ مثالی تعلقات کا خیر مقدم کیا تھا۔