واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئرعہدیدار نے کہا ہے کہ امریکا سوڈان کے حوالے سے ایک نئی حکمت عملی پر غور کررہا ہے جس میں سوڈان کانام دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکالنے کی تجویز بھی شامل ہے۔امریکی عہدیدار نے کہاکہ امریکا سوڈان میں قائم ہونے والی نئی عبوری انتظامیہ کیساتھ رابطے میں ہے اور سوڈان میں ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ اگر
سوڈان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کے حوالے سے جوہری تبدیلی آتی ہے تو خرطوم کو بلیک لسٹ سے نکالا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اس بات کا علم نہیں کہ سوڈان کی عبوری عسکری کونسل میں امریکا یا اقوام متحدہ کی طرف سے بلیک لسٹ کردہ نام بھی شامل ہے۔ایک ای میل بیان میں امریکی وزارت خارجہ کے عہدیدار نے کہاکہ ابھی تک سوڈان دہشت گردی کی پشت پناہی کرنیوالے ملکوں کی فہرست میں شامل ہے اور اس پر امریکا کی طرف سے عاید کردہ پابندیاں بدستور برقرار ہیں۔