واشنگٹن(این این آئی )امریکا کی جنوبی ریاستوں میں انتہائی خراب موسم، اچانک سیلابوں اور وسیع تر مادی تباہی کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ ان میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ زیادہ تر ہلاکتیں یا تو درختوں کے جڑوں سے اکھڑ جانے کے باعث پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں ہوئیں یا پھر اچانک آنے والے سیلابوں کے باعث۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست ٹیکساس میں فرینکلن نامی قصبہ ٹورنادو سے تقریبا پوری طرح تباہ ہو گیا۔ اسی طرح ریاست مسسیسیپی کے ہیملٹن نامی چھوٹے سے شہر میں طوفانی ہواؤں کی وجہ سے درجنوں گھر زمیں بوس ہو گئے۔ انتہائی برے موسم کی یہ لہر اب ریاست نیو یارک اور ملکی دارالحکومت واشنگٹن کی طرف بڑھ رہی ہے۔