دبئی (این این آئی)دبئی میں قرآن کریم پارک کے نام سے ایک منفرد تفریح گاہ قائم کی گئی ہے جس میں باغات اور مناظر قدرت کو قرآن پاک میں بیان کردہ واقعات کے تناظر میں منفرد اندا میں پیش کیا گیا ہے۔ مخصوص دینی ماحول میں تیار کردہ القرآن پارک کو زائرین کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق القرآن پارک کی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہاکہ القرآن پارک کی اوپننگ کے بعد پہلے ہفتے میں ایک ہزار سے زاید افراد نے پار رک کی سیر کی۔ یہ پارک متحدہ عرب امارات میں دینی سیاحتی شعبے کی طر ف سے تیا رکیا گیا ہے۔جامع الشیخ زاید الکبیر نے اسے زائرین کے لیے ایک غیرمعمولی اہمیت کا حامل مقام قرار دیا ہے۔زائرین کی اسلام اورقرآن کے بارے میں معلومات کے حصول کے لیے قرآن میں بیان کردہ واقعات کو 12 مختلف مجسم باغات میں پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ غارمعجزات اور بحر الاحمر کو چیرنے کے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے واقعے کو تمثیلی اندازمیں پیش کیا گیا۔اس کے علاوہ القرآن پارک میں انجیر،زیتون، انگور اور انار کے پودوں کے 64 ہیکٹر پرپھیلے باغات لگائے گئے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ان پھلوں کے قرآن وسنت میں بیان کردہ طبی اور سائنسی فوائد کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔القرآن پارک کی سیر کرنے والے ایک سیاح عمر الکاب نے کہا کہ اس پارک کو ایک بار دیکھنے والا اپنے اندر تروتازگی محسوس کرتا ہے۔ غار معجزات،، شیشے کے گھر اور قرآن میں بیان کردہ پودوں کے باغات اپنی خوبصورتی اور دلفریبی میں اپنی مثال آپ ہیں۔غار معجزات میں انبیاء کرام کے معجزات اور قرآن میں بیان کردہ معجزات کو تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے دکھایاگیا ہے۔