منامہ(این این آئی)امریکا کی طرف سے ایران کی طاقت ور فوج سپاہ پاسداران انقلاب کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے پر عرب ممالک کی طرف سے خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے سے متعلق امریکی فیصلے پر
خلیجی ریاست بحرین اور یمن کی طرف سے فوری رد عمل سامنے آیا ہے۔ ان دونوں عرب ملکوں نے امریکی فیصلے کی مکمل تائید اور حمایت کرتے ہوئے اسے مثبت سمت میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔منامہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے امریکی فیصلے سے خطے میں دہشت گردی کے لیے جاری ایرانی سازشوں کی روک تھام، تشدد، اور مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی سازشوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بحرین امریکا کی طرف سے پاسدارانقلاب کودہشت گرد تنظیم قرار دینے کی حمایت کرتا ہے۔ اس فیصلے سے خطے میں ایران کے منفی کردار کی روک تھام، خطے میں ایرانی ملیشیاؤں کی سرگرمیوں کو دبانے، دہشت گردی کی روک تھام، عرب ممالک کی خود مختاری اور سالیمیت کو یقینی بنانے اور علاقائی اور عالمی امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ادھر یمنی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے امریکی فیصلے کی حمایت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب کے بارے میں امیرکی فیصلے سے خطے میں امن مساعی کو آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہوگی۔ اس کے علاوہ ایران کی خطے میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور عرب ممالک میں مداخلت کی کوششوں کو نکیل ڈالی جاسکے گی۔خیال رہے کہ امریکا نے باضابطہ طورپر پاسدارن انقلاب کوغیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔