کابل(این این آئی)افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے تین فوجیوں سمیت چار امریکی ہلاک ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ افغانستان میں ایک بڑے فضائی اڈے کے قریب سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے تین فوجی اور ایک عام امریکی مارا گیا۔ادھر تحریک طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ امریکی فوج اور نیٹو کے مشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ شمالی کابل کے بگرام ایئر بیس کے قریب پیش آیاجس میں کم
سے کم چار امریکی ہلاک ہوگئے۔ ان میں تین امریکی فوجی شامل ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دھماکے میں تین امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔مقتول فوجیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ امریکی محکمہ دفاع کا کہنا تھا کہ مقتول فوجیوں کی شناخت چوبیس گھنٹوں تک ظاہر نہیں کی جاتی۔دوسری جانب طالبان نے ایک بیان میں کہا کہ بگرام میں امریکی اور نیٹو فوج کے ایک اڈے کے قریب بارود سے بھری کار سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔