طرابلس(این این آئی )لیبیا کی مسلح افواج کے ترجمان احمد المسماری نے کہا ہے کہ طرابلس کو باغیوں اور عسکریت پسندوں سے آزاد کرانے کے لیے جاری فوجی آپریشن الکرامہ طوفان کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں لیبی فوج کے ترجمان احمد المسماری نے کہا کہ طرابلس فوجی آپریشن کا ہدف دارالحکومت کو آزاد کرانا، لیبیا میں امن واستحکام اور شہریوں کو تحفظ دلانا ہے۔ جب تک طرابلس کو آزاد نہیں کرا لیا جاتا اس وقت تک فوجی آپریشن جاری رہے گا۔ترجمان نے
بتایا کہ فوجی آپریشن الجفری فوجی اڈے کے قریب سے شروع کیا گیا۔ لیبی سیکیورٹی فورسز تیزی کیساتھ پیش قدمی کر رہی ہیں۔ الغریان پہنچنے کے بعد فوج نے العزیزیہ کے علاقے پر قبضہ کر لیا ۔ترجمان نے کہا کہ فوج ترھونہ کے علاقے کو آزاد کرانے کے بعد طرابلس ہوائی اڈے کا گھیراؤ کرے گی اور اسے مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔المسماری کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران شہریوں کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بمباری میں حصہ لینے والے طیاروں کے بارے میں ہمارے پاس تفصیلی معلومات ہیں۔