اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ہائبرڈ وار میں پاک فوج نے بھارت کو پچھاڑ کر رکھ دیا، بھارت کے سابق جنرل کا اعتراف،روزنامہ جنگ کے مطابق بھارت کے سابق لیفٹیننٹ جنرل عطا حسنین نے 28 مارچ کو برطانوی تھنک ٹینک انسٹیٹیوٹ آف اسٹرٹیجک اسٹڈیز
سے خطاب میں اعتراف کیا کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ہمیں سکھایا معلومات کی فراہمی کیا ہوتی ہے۔ بھارتی سابق کور کمانڈر شمالی کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عطا حسنین کا کہنا تھا کہ بھارت کو اطلاعات کے شعبے میں آئی ایس پی آر نے پچھاڑ دیا اور پاکستان اطلاعات کی جنگ پورے طریقے سے جیت چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے سکھایا کہ اطلاعات کے ساتھ کیسے کھیلنا ہے تو وہ آئی ایس پی آر ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں اٹھتے جنازے، عسکریت پسندی کےعروج کی وجہ ہیں اور آزادی پورے کشمیر میں گونج رہی ہے، طاقت کا استعمال اسکا حل نہیں۔ اگر شام، عراق، افغانستان اور پاکستان میں دھماکے ہو سکتے ہیں تومقبوضہ کشمیر میں پلوامہ واقعہ کا بھی قوی امکان تھا۔واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی رویے کی وجہ سے پاکستان اور بھارت جنگ کے دہانے پر پہنچ چکے تھے ۔