واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور سعودی عرب کے نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے خطے میں ایرانی مداخلت اور دہشت گردی کی پشت پناہی کے خلاف مل کر کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق واشنگٹن میں ایک ملاقات میں دونوں رہ نماؤں نے یمن میں سویڈن کی میزبانی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی حمایت کی اور اس کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیا۔مائیک پومپیو نے یمن
میں سیاسی عمل میں پیش رفت اور اس حوالے سے سعودی عرب اور اقوام متحدہ کی مساعی کا خیر مقدم کیا۔امریکی وزیر خارجہ نے شہزادہ خالد بن سلمان کو نیا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ سعودی عرب اور امریکا کے درمیان باہمی تعلقات تاریخ کے بہترین دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ دونوں رہ نماؤں میں علاقائی اور عالمی امور کے ساتھ دوطرفہ تعاون اور تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔