خرطوم (این این آئی)سوڈان کی سمندری حدود میں زیرآب قدرتی گیس کے وسائل کو استعمال میں لانے کے مصری اعلان کے بعد قاہرہ اور خرطوم کے درمیان نئی کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق مصری وزارت پٹرولیم اور معدنی وسائل کی طرف سے سوڈان کے زیرانتظام بحر الاحمر میں زیرآب قدرتی گیس کے وسائل کی تلاش کے لیے عالمی ٹینڈر کھولنے کے اعلان کے بعد خرطوم میں تعینات مصری سفیر حسامع عیسیٰ کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے سخت احتجاج کیا گیا۔
سوڈان کے سیکرٹری خارجہ بدرالدین عبداللہ نے کہا کہ ہم نے اپنی سمندری حدود میں گیس کی تلاش کے مصری اعلان پر قاہرہ کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصری حکومت کا بیان حلائب مثلث کے قانونی اسٹیٹس کو نقصان پہنچانے اور سوڈان کی سمندری حدود میں مداخلت کے مترادف ہے۔سوڈانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی قانون کے تحت مصری وزارت پٹرولیم سوڈان کے حصے میں آنے والے سمندری علاقے میں کسی قسم کا کوئی منصوبہ شروع کرنے کا مجاز نہیں۔