بیجنگ(این این آئی)چینی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ ملکی صدر شی جن پنگ جمعرات اکیس مارچ سے تین یورپی ممالک کا دورہ شروع کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چھبیس مارچ تک جاری رہنے والے اس دورے کے دوران وہ اٹلی، فرانس اور مناکو جائیں گے۔ اْدھر اطالوی حکومت کی جانب سے متضاد اشارے سامنے آئے ہیں کہ آیا وہ چینی سرمایہ کاری کے موجودہ سلسلے کا حصہ بنے گی۔
ادھر مقامی میڈیا نے عندیہ دیا کہ اس بات کا امکان ہے کہ اطالوی حکومت چین کے ساتھ اربوں ڈالر کے سمجھوتے کر سکتی ہے۔ ان سمجھوتوں سے اطالوی حکومت اپنی بندرگاہوں، ریلوے اور دوسرے بنیادی ڈھانچے کو توسیع دینا چاہتی ہے۔ قبل ازیں اٹلی کے ایک وزیر مملکت گوگلیلمو پیسی نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ اْن کی حکومت چین کے ساتھ سمجھوتے کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔