نئی دہلی (این این آئی)سٹریٹجک امور کے بھارتی ماہر کیپٹن اْدے بھاسکر نے کہاہے کہ سلامتی کونسل میں جیش محمد کے سربراہ کے خلاف بھارتی قراردادکوچین کی جانب سے ویٹو کرنا کوئی غیر متوقع پیش رفت نہیں ہے،یہ افسوس ناک ہے لیکن اس میں حیرت کی بات نہیں ہے، یہ پہلے سے ہی بہت واضح تھا کہ چین پاکستان کے لیے اپنی حمایت بند نہیں کرے گا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ایک گفتگومیں سٹریٹجک امور کے ماہر راجیو شرما نے کہا کہ فوری نقطہ نظر سے تو ہم اسے شکست کہہ سکتے ہیں
لیکن ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ چین طویل المدتی سفارت کاری کر رہا ہے۔ وہ مختلف امور پر بات چیت میں بھارت کو بھی شامل کر رہا ہے۔ خاص طور پر جب سے امریکہ کے ساتھ اس کے تعلقات خراب ہوئے ہیں وہ دوسرے ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اجیو شرما کا مزید کہنا تھاکہ ہر کوئی یہ جانتا ہے کہ چین کے پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں، پاکستان میں چین کا بہت ساسرمایہ بھی لگا ہوا ہے۔ ایسے میں پاکستان کا ساتھ دینا سمجھ میں آنے والی بات ہے۔