قاہرہ (این این آئی)مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر نے مسجد اقصیٰ پر یہودی فوجیوں اور آباد کاروں کے دھاووں، مسجد کو بند کرنے اور نمازیوں پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق جامعہ الازھر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ
صہیونی ریاست مسجد اقصٰی کی بے حرمتی اور نمازیوں پر پابندیاں عاید کرکے مسلمانوں کے مقدس مقامات کی حرمت کو پامال کرتے ہوئے عالم اسلام کے جذبات کو مشتعل کررہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ صہیونی فوج کی طرف سے نہتے فلسطینی نمازیوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال، مسجد میں نماز کی ادائی میں رکاوٹیں پید اکرنا اور مقدس مقام کو بند کرنا مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی مذموم کوشش ہے۔جامعہ الازھر کا کہنا تھا کہ فلسطینی مسلمانوں کو عزت، وقار اور آزادی کے ساتھ اپنے تمام مقدسات میں عبادت کرنے کا حق ہے اور اسرائیل ان سے یہ حق نہیں چھین سکتا۔ بیان میں عالمی برادری پر زوردیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کو القدس اور قبلہ اول کے حوالے سے عالمی قراردادوں کا پابند بنانے کے لیے تل ابیب پر دباؤ ڈالے۔بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی برادری کی طرف سے اسرائیلی ریاست کے جرائم پرخاموشی اور صہیونیوں کے جرائم نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں عدم استحکام کا موجب بن سکتے ہیں۔