برلن(این این آئی)جرمنی کے جرمن نائب وزیر خارجہ نیلز آنن نے کہا ہے کہ برطانوی فیصلے کے برعکس جرمنی حزب اللہ کے سیاسی بازو پر پابندی عائد نہیں کرے گا۔ جرمنی پر امریکا کی جانب سے دبا ؤہے کہ وہ ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ کے خلاف سخت کارروائی کرے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن نائب وزیر خارجہ نیلز آنن نے جرمن نیوز میگزین کو بتایا کہ ایرانی حمایت یافتہ شیعہ گروپ حزب اللہ تحریک لبنانی معاشرے میں اہمیت رکھتا ہے اور ملک کے پیچیدہ سیاسی عمل کا ایک حصہ ہے۔نیلز آنن کے مطابق برطانوی عمل ایک قومی فیصلہ ہے جس کا جرمن حکومت یا یورپی یونین کے نقطہ نظر پر براہ راست کوئی اثر نہیں ہے۔قبل ازیں یورپی یونین حزب اللہ کے ملٹری ونگ کو 2103 میں ہی کالعدم دہشت گرد گروپوں کی فہرست میں شامل کر چکی ہے۔حزب اللہ لبنانی پارلیمان میں نمائندگی رکھتی ہے جبکہ مغربی ممالک کی حمایت یافتہ وزیر اعظم سعد الحریری کی حکومت میں کل 30 میں سے تین وزارتیں بھی حزب اللہ کے پاس ہیں۔جرمنی کے نائب وزیر خارجہ نیلز آنن نے امریکا کی اس تنقید کو مسترد کر دیا کہ جرمنی علاقے میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر ورسوخ کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کر رہا۔