ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں خواتین کو با اختیار بنانے کے منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں خواتین کی تعیناتیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ اس ضمن میں سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار حرمین شریفین کے انتظامی امور میں ایک خاتون کو اہم عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق مسجد حرام اور مسجد نبوی کے جنرل امور کے چیئرمین الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے ڈاکٹر فاطمہ الرشود کو حرمین کے امور نسواں کی معاون سیکرٹری مقرر کیا ہے۔ڈاکٹر فاطمہ اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون ہیں۔ انہوں نے جامعہ ام القریٰ سے علم الحدیث میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ اس سے قبل وہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں جنرل امور کی مشیر ڈاریکٹر امور نسواں کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے چکی ہیں۔ 2002ء میں انہیں مسجد حرام میں تدریس کی ذمہ داری سونپی گئی جو اپنی نوعیت کی سعودی عرب میں پہلی ذمہ داری تھی۔دوسری جانب ڈاکٹر فاطمہ الرشود نے حرمین شریفین کے انتظامی امور میں اہم عہدے کے لیے انہیں منتخب کیے جانے پر حکومت اور الشیخ عبدالرحمان السدیس کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حرمین شریفین کے انتظامی امور میں اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری کے ساتھ ادا کریں گی۔