نئی دہلی(این این آئی) بھارتی اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں رافیل ڈیل کے حساس دستاویزات کے چوری ہوجانے کا انکشاف کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق فرانس سے 36 رافیل جیٹ طیاروں کی خریداری میں مودی سرکار کی کرپشن سے متعلق سماعت میں اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں رافیل ڈیل کے دستاویزات جمع کرانے سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ حساس نوعیت کے دستاویزات وزارت دفاع سے چوری ہوگئے۔اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ
حساس نوعیت کے دستاویزات وزارت دفاع کے سابق یا حاضر ملازمین نے چرائے ہوں گے، سپریم کورٹ کے سوال پر اٹارنی جنرل نے کاغذات چوری ہونے کی تحقیقات کے لیے اْٹھائے گئے اقدام اور اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔اٹارنی جنرل نے عدالت سے پٹیشن خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ حساس دستاویزات کو ظاہر کرنے کے لیے درخواستیں نمٹادی جائیں۔ یہ دستاویزات حساس نوعیت کی ہیں جنہیں پبلک نہیں کیا جا سکتا۔