نئی دہلی(آن لائن)بھارتی اخبار نے بالاکوٹ میں 300 افراد کی ہلاکت کے دعوے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب بالا کوٹ میں ہلاکتوں کا بھارتی دعویٰ صرف قیاس آرائیوں پر مبنی ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی ٹیکنیکل اور گراؤنڈ انٹیلی بھی جنس محدود ہے۔خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے علاقے بالاکوٹ میں دراندازی کی کوشش کی گئی تاہم پاک فضائیہ کی بھرپور جوابی کارروائی میں بھارتی فضائیہ کے طیارے پاکستانی علاقے میں بم گرا کر فرار ہو گئے۔بھارتی طیاروں کی جانب سے گرائے گئے بم جبہ کے علاقے میں خالی جگہ پر گرے جس سے صرف ایک شخص معمولی زخمی اور ایک مکان کو نقصان پہنچا لیکن بھارت کی جانب سے 300 دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا۔پاکستان کی جانب سے بھارتی دعوے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے بھارت سمیت بین الاقوامی میڈیا اور عالمی مبصرین کو جگہ دیکھنے کی پیشکش کی گئی۔بھارتی فضائیہ کی جانب سے 27 فروری کو ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی کوشش کی گئی جس پر پاکستانی فضائیہ نے دو بھارتی طیارے گرا دیئے۔پاکستان کی جانب سے گرائے گئے ایک طیارے کا مبلہ آزاد کشمیر میں گرا اور پاکستان نے ایک بھارتی پائلٹ کو بھی حراست میں لیا۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 28 فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کرنے کا اعلان کیا اور پھر اگلے ہی روز پاکستان نے بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا۔