نئی دہلی(این این آئی)بھارت کے ایک اور سیاستدان نے انتہا پسند مودی کی جماعت کو بے نقاب کردیا ہے، جن سینا کے سربراہ پون کلیان نے کہاہے کہ بی جے پی نے دو سال پہلے بتا دیا تھا کہ لوک سبھا کے انتخابات سے پہلے جنگ ہوگی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق آندھرا پردیش کی سیاسی جماعت جن سینا کے سربراہ اور ماضی میں بی جے پی کے اتحادی رہے پون کلیان نے کہا کہ انہیں دو سال پہلے ہی بتایا گیا تھا کہ جنگ ہونے والی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ
سی آر پی ایف کے جوانوں پرحملے کی وجہ سے یہ حالات پیدا ہوئے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے اور اس سے دونوں ممالک کو بھاری نقصان ہوسکتا ہے۔پون کلیان نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ایسے برتاو کر رہی ہے جیسے کہ صرف وہی محب وطن ہیں، ہم ان سے 10 گنا زیادہ محب وطن ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے، بھارت میں مسلمانوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔