صنعاء(این این آئی)یمن میں ایران نواز حوثی ملیشیا نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے کشر ڈاریکٹوریٹ کے نواحی علاقے النامرہ میں شہریوں کے متعدد مکانات بارود نصب کرکے اڑا دیئے، جس کے نتیجے میں مقامی شہری گھروں سے محروم ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثیوں کی طرف سے یہ انتقامی کارروائی حجور قبائل کے ساتھ جاری لڑائی کے دوران مسلسل پسپائی اور شکست کے رد عمل میں کی گئی ہے۔
حجور قبائلی ذرائع کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا کے جنگجوؤں کی بڑی تعداد نے وشحی اور قاری ڈاریکٹوریٹ سے ملحقہ علاقے کشر اور دیگر قصبوں میں شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور انہیں گھر خالی کرنے پر مجبور کرتے ہوئے ان کے گھروں پر قبضہ کرلیا۔ بعد ازاں کئی مکانات کو بارود نصب کرکے دھماکوں سے اڑا دیا گیا۔یمن کی وزارت برائے انسانی حقوق نے حوثیوں کی طرف سے بے گناہ شہریوں کے گھروں کو دھماکوں سے اڑانے کو وحشیانہ اور غیرانسانی فعل قراردیا۔وزارت برائے انسانی حقوق کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حج گورنری کے نواحی علاقے کشر میں حوثیوں نے بنی جبھان اور بنی الجشیبی قبیلوں کے 13 مکانات دھماکوں اڑا دئیے۔بیان میں کہا گیاکہ شہریوں کے مکانات دھماکوں سے تباہ کرنا شہریوں کو اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے۔ یمنی حکومت کا کہنا تھا کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی شدت پسند اپنے مخالفین کے خلاف بدترین انتقامی حربوں کا استعمال کرکے ملک میں فرقہ واریت اور دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔ وہ خواتیں اور بچوں کی رعایت کیے بغیر مخالفین کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیوں میں سرگرم عمل ہیں۔