سرینگر (این این آئی) بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے ضلع بٹگام میں بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں فوجیوں سمیت کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر صبح 10بجکر 5منٹ پر ضلع بٹگام کے گاؤں گریند کلان میں واقع میدان میں جا گرا جس سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے اور پانچوں افراد کی لاشوں جائے وقوع سے اٹھا لیا گیا ہے۔ہلاک ہونے والے ایک شخص کی شناخت کفایت حسین کے نام سے ہوئی ہے جو مقامی علاقے کا رہائشی ہے
جبکہ بقیہ چار افراد کا تعلق ممکنہ طور پر فوج سے ہے۔نئی دہلی میں موجود بھارتی حکام کے مطابق یہ ایک ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ہے اور طیارہ گرنے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ابتدائی طور پر یہ رپورٹ سامنے آئی تھیں کہ بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں بھی ایک طیارہ گر گیا تاہم بعدازاں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ وہ طیارہ نہیں بلکہ ایک ہیلی کاپٹر تھا۔عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر گرتے ہی دو حصوں میں تقسیم ہو گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔