قاہرہ(این این آئی)مصر میں شرم الشیخ کے مقام پرگذشتہ روز منعقدہ ہونے والی یورپ، عرب سربراہ کانفرنس میں عراق کے صدر برھم صالح نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی ہے ۔عرب ٹی وی کے مطابق دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عراقی ایوان صدرکی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ صدربرھم صالح نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان
بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہ نماؤں نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کومزید فروغ دینے کی ضرورت سے اتفاق کیا۔بیان میں کہا گیا کہ صدر برھم صالح اور شاہ سلمان نے دیگر پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر اور خوش گوار بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ سلمان نے کہاکہ عراق عرب خطے کا اہم ملک ہے جو عرب ممالک میں امن استحکام، کشیدگی میں کمی اور عرب ممالک کو درپیش بحرانوں کے حل میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔