ریاض(این این آئی)سعودی عرب اورخلیجی ریاست بحرین کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات اپنے نقطہ عروج پرہیں اور دونوں برادر پڑوسی ملکوں کیباہمی تعلقات کومثالی قرار دیا جاتا ہے۔ دوطرفہ تعلقات کا انداز کئی عوامل سے لگایا جا سکتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گذشتہ روز
مصر کے سیاحتی علاقے شرم الشیخ میں ہونے والے عرب، یورپ سربراہ اجلاس کے موقع پربھی ایک ایسا ہی جذبات منظر دیکھا گیا جب اجلاس میں شرکت کے لیے آئے بحرینی فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آلِ خلیفہ نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی نشست پرجا کران کا ماتھا چوما۔یہ جذباتی منظر بہت سے عالمی رہ نماؤں کے لیے شاید حیران کن ہو مگر دونوں ملکوں کے درمیان بھائی چارے اور دوستی میں گندھے تعلقات کے باب میں باعث حیرت نہیں۔بحرینی فرمانروا حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کی جانب سے شاہ سلمان کی پیشانی کو بوسہ دینے کا منظر مصر کے سرکاری ٹیلی وی چینل پر بار بار نشر کیا گیا۔ جب شاہ سلمان نے بحرینی فرمانروا کو اپنی نشست سے سلام کرنے کی کوشش کی تو حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اپنی کرسی سے اٹھ کر شاہ سلمان کی نشست پرگئے اور انہیں مصافحہ کرنے کے ساتھ دو بار ان کی پیشانی پر بوسہ دیا۔خیال رہے کہ گذشتہ روزمصر کی دعوت پرشرم الشیخ میں عرب۔ یورپ سربراہ کانفرنس منعقد کی گئی تھی جس میں 50 ملکوں کے مندوبین کو شریک کیا گیا تھا۔