ماسکو (این این آئی )روس کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ترکی کی آئینی عدالت نے ترکی کی ٹیلیکام و سائنس وٹیکنالوجی اتھارٹی کی طرف سے فحش ویب سائیٹ پر پابندی سے متعلق نافذ کردہ قانون کو منسوخ کرتے ہوئے فحش ویب سائیٹس تک شہریوں کی رسائی کی اجازت دے دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عدالت نے 7 فروری 2018ء کو جاری ہونے والے فحش ویب سائیٹس پر پابندی کے آرڈر نمبر 5651 کومنسوخ کردیا ہے جس کے بعد ترکی میں شہریوں کو فحش فلموں کی ویب سائیٹس تک رسائی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد ترکی کی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین کے پاس فحش ویب سائیٹ پرپابندی لگانے کا اختیار نہیں رہے گا۔فحش ویب سائیٹس پر پابندی سے متعلق جتنے بھی احکامات ٹیلی کام اتھارٹی کی طرف سے جاری کیے گئے ہیں، عدالتی فیصلے کے بعد وہ کالعدم قرار دیے جائیں گے۔ ترکی کی دستوری عدالت کا فیصلہ 7 فروری سے نافذ العمل ہے۔خیال رہے کہ ترکی میں سنہ 2013ء سے ایسی ہزاروں ویب سائیٹس تک رسائی پر پابندی عاید کی گئی تھی جو آن لائن فحش مواد فراہم کرتی ہیں۔