صنعاء(این این آئی)یمن کے شمال مغربی علاقے حجی میں حجور قبائل کے ساتھ لڑائی کے بعد حوثی باغیوں نے علاقے میں وسیع پیمانے پرکریک ڈاون مہم شروع کی ہے۔ مسلسل چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق حوثی ملیشیا نے دارالحکومت صنعاء اور دوسرے مقامات پر حجور قبیلے سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر رکھی ہے۔گذشتہ روز حجور قبیلے کے ایک سرکردہ رہ نما قاسم عمیر اور دیگر کئی شہریوں
کو صنعاء سے گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔خیال رہے کہ حجور قبیلے کے خلاف حوثی ملیشیا کی تازہ کریک ڈاون مہم چند ہفتے قبل حوثیوں اور اس قبیلے کیدرمیان ہونے والی لڑائی کے بعد شروع کی گئی ہے۔ یمن کی آئینی حکومت کی وفادار سیکیورٹی فورسز اور عرب اتحادی فوج نے بھی حجور قبیلے کے مزاحمت کاروں کو ہرممکن مدد فراہم کی تاکہ حوثیوں کو شکست دی جاسکے۔ حجی گورنری میں حوثی باغیوں کو حجور قبیلے کو شکست دینے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔