دبئی (آن لائن)متحدہ عرب امارات نے عالمی تجارتی تنظیم ( ڈبلیو ٹی او ) میں قطر کے خلاف ایک شکایت دائر کی ہے اور اس میں کہا ہے کہ دوحہ نے امارات کی مصنوعات پر پابندی عاید کردی ہے۔متحدہ عرب امارات میڈیا کے مطابق ’’ یہ درخواست قطر کی وزارتِ اقتصادی امور کی جانب سے ملک میں یو اے ای ، سعودی عرب ، بحرین اور مصر کی ساختہ اشیائے
صرف کی فروخت پر پابندی کے ردعمل میں دائر کی گئی ہے‘‘۔البتہ اس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ یہ درخواست کب دائر کی گئی تھی۔ یو اے ای نے مزید کہا ہے کہ قطر نے انفرااسٹرکچر کے منصوبوں کے لیے منظور شدہ اماراتی کمپنیوں کے نام بھی متعلقہ فہرست سے ہٹا دیے ہیں اور اس نے امارات سے آنے والی مصنوعات پر پابندی عاید کردی ہے۔متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب ، بحرین اور مصر نے قطر کا جون 2017ء4 سے بائیکاٹ کررکھا ہے اور ا س سے ہر طرح کے مواصلاتی رابطے ،سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے۔ ان چاروں ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عاید کیا تھا جبکہ قطر نے اس الزام کی تردید کی تھی۔قطر نے جولائی 2017ء4 میں ڈبلیو ٹی او میں ان چاروں ممالک کے خلاف قانونی درخواست دائر کی تھی اور اس میں ان ممالک کے بائیکاٹ کو چیلنج کیا تھا۔ ڈبلیو ٹی او میں یہ کیس ابھی تک جاری ہے۔واضح رہے کہ قطر نے متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب ، مصر اور بحرین سے آنے والی تمام مصنوعات پر مئی 2018ء4 میں پابندی عاید کردی تھی۔۔