عمان (این این آئی)اردن کی حکومت نے اتاشی کے عہدے کے سفارت کار کوشام کے دارالحکومت دمشق میں قائم مقام سفیر مقرر کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اردنی وزارت خارجہ وسمندر پار امور کے ترجمان سفیان سلمان القضای نے بتایا کہ اتاشی کے عہدے کے ایک سفارت کار کو شام کے دارالحکومت دمشق میں قائم مقام سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ شام میں 2011ء سے
جاری لڑائی کے دوران اردن نے دمشق میں اپنا سفارت خانہ بند نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمان شام کے بحران کے آغاز ہی سے تنازع کے سیاسی حل پر زور دیتا رہا ہے۔ ہم شام میں ایک ایسے سیاسی حل کے خواہاں ہیں جو شامی عوام کے لیے قابل قبول ہو،شام کی وحدت اور سالمیت کا ضامن، پناہ گزینوں کی واپسی کی راہ ہموار کرنے کا ذریعہ اور شام کے امن استحکام کا سبب بنے۔