ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں دیوہیکل انٹرٹینمنٹ کمپلیکس کی تعمیر کا اعلان کردیا جس میں کئی سنیما، لائیو پرفارمنسز کے مقامات اور کھیل کی سہولیات میسر ہوں گی۔عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک لاکھ اسکوائر میٹر رقبے پر پھیلےاس کمپلیکس کی
تعمیر پبلک انویسٹمنٹ فنڈکی ذیلی کمپنی سعودی انٹرٹینمنٹ وینچرز کمپنی (سیون)کرے گی۔سعودی عرب کے ویڑن 2030 اصلاحاتی منصوبے کے تحت انٹرٹینمنٹ شعبے میں اعلان کردہ یہ تازہ ترین پراجیکٹ ہے۔سیون کے چیئرمین عبداللہ بن ناصر الداؤد نے کہا کہ منصوبے کا ڈیزائن انتہائی منفرد ہوگا جس میں سرسبز اور کھلے مقامات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کمپلیکس میں متعدد مقامی اور بین الاقوامی ریسٹورنٹ ہوں گے جبکہ کمپلیکس میں سعودی افراد کے ساتھ ساتھ سیاح بھی آسکیں گے۔سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ کمپنی، تفریح کے لیے آئندہ سالوں میں ملک بھر میں کئی سینٹرز قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔رپورٹ کے مطابق ان منصوبوں سے سالانہ 5 کروڑ افراد کو تفریح کی سہولت میسر آئے گی، 22 ہزار سے زائد ملازمتیں فراہم کی جائیں گی جبکہ 2030 تک ان منصوبوں سے سعودیہ کی معیشت کو 8 ارب ریال حاصل ہوں گے۔یہ دیوہیکل انٹرٹینمنٹ کمپلیکس ریاض کے مشرقی رِنگ روڈ پر قائم کیا جائے گا۔