قاہرہ(این این آئی)سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل الشیخ نے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ مصر کے دورے کے دوران مصری وزیرخارجہ سامح شکری اور دینی درس گاہ جامعہ الازھر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب سے ملاقات کی ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق سعودی شوریٰ کے چیئرمین نے ڈاکٹر احمد الطیب اور وزیر خارجہ سامح شکری کے قاہرہ میں الگ الگ ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں سعودی عرب اور مصر کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں پربات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران جامعہ الازھر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے عالم اسلام کے لیے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سرزمین حرمین، اس کی قیادت اور علماء کو دشمن کی چالوں اور مکرو فریب سے محفوظ رکھنے کی تمنا کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جامعہ الازھر اسلام اور مسلمانوں کے لیے سعودی عرب کی خدمات، عرب اور عالم اسلام کے مسائل کے حل میں سعودی عرب کی قیادت کی مساعی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔اسی سیاق میں مصر کے دورے کے دوران سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبداللہ آل الشیخ نے مصری وزیرخارجہ سامح شکری سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مصر اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات کیساتھ مشترک علاقائی چیلنجز اور باہمی دلچسپی کیامور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔