تہران (این این آئی)ایران کی ورچوئل اسپیس سپریم کونسل کے ڈپٹی چیف محمد خوراکیان نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ ایران کے خلاف دور جدید کا نیا استعماری ہتھیار ہے۔ ورچوئل اسپیس متکبر عالمی طاقتوں کی جانب سے نصب کردہ ایک سازشی جال ہے جس کا مقصد فوج اور عسکری سامان کے بغیر ہمارے ملک کو تباہ کرنا ہے۔ فرضی اپیلیکشنز کے ذریعے دشمن آسانی کے ساتھ ہماری صلاحیتوں کی لوٹ مار کررہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق خوراکیان نے ٹیلی گرام کے عہدیداروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور
الزام عاید کیا کہ ٹیلی گرام ڈھٹائی اور بے شرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کررہا ہے مگر ہمیں درکار معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔ایرانی عہدیدار نے کہا کہ ٹیلی گرام کے ڈائریکٹر سے کہا تھا کہ وہ صارفین کے بارے میں ہمیں ضروری معلومات مہیا کرے۔ ہم دین اور ثقافت کے امین اور محافظ ہیں مگر ہمیں ٹیلی گرام کی طرف سے کسی قسم کی معاونت فراہم نہیں کی گئی۔خوراکیان نے ایران کے مذہبی مکتب الحوزہ الدینیہ پربھی طلباء کو انٹرنیٹ کے خطراہ سے آگاہ رکھنے پر زور دیا۔