کابل(آئی این پی) افغانستان میں پولیس چیک پوسٹوں پر طالبان کے حملے میں 8 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں موٹر سائیکل سوار طالبان جنگجووں نے دو مختلف پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے
باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔صوبائی کونسل کے رکن داد اللہ قانی نے میڈیا کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب طالبان نے صوبہ فراہ کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے تاہم اس جھڑپ میں 8 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔واضح رہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب بھی طالبان نے فراہ صوبے میں واقع افغان فوجی اڈے پر حملہ کرکے 20 اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا اور 20 اہلکاورں کو اغوا کرکے اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔